کاروار، 5؍نومبر (ایس او نیوز)ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول کے بیان کے مطابق دنیا کو پہلی بارراکٹ سازی کے فن سے متعارف کروانے کے لئے مشہور حضرت ٹیپو سلطان شہید کی جینتی کاروار کے رنگ مندر میں 10نومبر کو بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منائی جائے گی۔
ڈی سی نے ٹیپو جینتی کے جشن کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ بلائی گئی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ا ن خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ راکٹ کا استعمال کرتے ہوئے انگریزوں کے ساتھ جنگ لڑنے والے ٹیپو سلطان جیسے مردِمیدان کی زندگی سے عوام کو متعارف کرنے کی نیت سے ریاستی حکومت کی جانب سے یہ جینتی منائی جارہی ہے۔
مسٹر نکول نے کہا کہ سرکاری آداب اور پروٹوکول کے ساتھ یہ جینتی منائی جانی ہے اس لئے بڑی تعداد میں عوام کو اس میں شریک ہونا چاہیے۔ ٹیپو جینتی کی مناسبت سے کاروارکے اسکولی طلبہ کے لیے تحریری مقابلے یا مصوری کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔، تاکہ آئندہ نسلوں کو ٹیپو سلطان کی زندگی اور ان کے کارناموں سے واقفیت حاصل ہوسکے۔